ڈی آئی خان: پنجاب پولیس نے دہشتگردوں کی صوبے میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی

ڈی آئی خان: پنجاب پولیس نے دہشتگردوں کی صوبے میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی
کیپشن: DI Khan: Punjab Police thwarted the terrorists' attempt to enter the province

ایک نیوز: پنجاب پولیس نے بین الصوبائی سرحدی علاقے سے دہشت گردوں کی پنجاب میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی جھنگی پر دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر حملہ کی کوشش کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جھنگی چیک پوسٹ پر حملہ اور پولیس رسپانس بارے ویڈیو پیغام بھی جاری کر دیا۔ ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان تھانہ وہوا کی چیک پوسٹ جھنگی پر کالعدم تنظیم کے 08 سے 10 دہشت گردوں نے حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ 

چوکی پر تعینات بہادر جوانوں نے جدید ترین تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نشاندہی کی۔ پولیس کے جانبازوں نے بروقت کارروائی کی۔ بھرپور فائرنگ سے دہشت گردوں کو پسپائی اور بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ایس ایچ او وہوا کی قیادت میں دوسری ٹیم بھی بیک اپ کیلئے فوری پہنچی۔ ملک دشمن عناصر، دہشت گردوں اور سفاک مجرمان کو کسی صورت صوبہ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا دہشت گردوں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا۔