زمبابوے کے لیجنڈری کرکٹر ہیتھ اسٹریک کی موت کی خبر جھوٹی نکلی

زمبابوے کے لیجنڈری کرکٹر ہیتھ اسٹریک کی موت خبریں جھوٹی نکلی
کیپشن: زمبابوے کے لیجنڈری کرکٹر ہیتھ اسٹریک کی موت خبریں جھوٹی نکلی

ایک نیوز :زمبابوے کے لیجنڈری کرکٹر ہیتھ اسٹریک کی  موت کی خبر جھوٹی نکلی۔

تفصیلات کےمطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ ہیتھ اسٹریک نے اپنی موت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ‘ابھی میں زندہ ہوں۔

زمبابوے کے سابق فاسٹ باؤلر ہنری اولنگا نے اپنی ٹویٹ میں ہیتھ اسٹریک کے ہمراہ واٹس ایپ چیٹ کی تصویر شیئر کی۔ جس میں انہوں نے لکھا کہ ‘میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ ہیتھ اسٹریک کے انتقال کی افواہوں کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ میں نے ابھی انہی سے سنا ہے کہ وہ زندہ ہیں۔

گزشتہ رات کچھ کرکٹرز کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ ہیتھ اسٹریک کینسر کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔ ہیتھ اسٹریک کے انتقال کی تصدیق زمبابوے کے کپتان شین ولیمز نے بھی اپنے ‘ایکس’ اکاؤنٹ پر کی تھی۔

خیال رہے کہ ہیتھ اسٹریک زمبابوے کی جانب سے ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں۔ انہوں نے 1993 سے 2005 کے درمیان 65 ٹیسٹ میچز میں 216 وکٹیں حاصل کیں اور 1990 رنز بنائے۔

زمبابوے کے لیجنڈری کرکٹر نے 189 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 2943 رنز بنائے اور 239 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے تمام فارمیٹس میں 254 انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طور پر 455 وکٹیں اور 4983 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور 11 نصف سنچریاں شامل ہیں۔