یورپی یونین کے مشترکہ کمیشن کا 13واں اجلاس، پاکستانی وفد کا جی ایس پی پلس سکیم پر تبادلہ خیال

یورپی یونین کے مشترکہ کمیشن کا 13واں اجلاس، پاکستانی وفد کا جی ایس پی پلس سکیم پر تبادلہ خیال
کیپشن: 13th meeting of the Joint Commission of the European Union, the Pakistani delegation discussed the GSP plus scheme

ایک نیوز: ترجمان دفترخارجہ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ یورپی یونین کے مشترکہ کمیشن کا 13واں اجلاس اس وقت برسلز میں جاری ہے۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ ترقی پر مشترکہ کمیشن کے ذیلی گروپ اور تجارت کے ذیلی گروپ کی بالترتیب 20 اور 21 جون کو ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں فریقوں نے پاکستان، ای یو ڈیولپمنٹ پارٹنرشپ، جی ایس پی پلس اور آنے والی نئی جی ایس پی پلس اسکیم اور پاکستان کے لیے مارکیٹ تک رسائی پر تبادلہ خیال کیا۔ جمہوریت، گورننس، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے ذیلی گروپ کا اجلاس آج ہوگا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ کل منعقد ہونے والے پلینری سیشن میں بات چیت میں نقل مکانی اور نقل و حرکت، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت، سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون پر توجہ دی جائے گی۔ 

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی قابض فوج کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ حملے میں ایک 14 سالہ بچے سمیت چار فلسطینی شہید اور 40 سے زائد شہری زخمی ہوئے تھے۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں اور ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدام کرے۔ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مسئلے کا پرامن حل دو ریاستی حل کے نفاذ میں مضمر ہے۔ ہم 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

ممتاز زہرا کا کہنا تھا کہ اس ہفتے کے شروع میں بین الاقوامی برادری نے پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا۔ یہ دن کشمیریوں کے مصائب کی یاددہانی کراتا ہے۔ جنہیں اپنی سرزمین سے بے دخل کر کے جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ انہیں تشدد، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھاگنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں خوف اور ظلم و ستم کے ماحول کو ختم کرنا چاہیے اور کشمیری عوام کی زندگیوں میں امن لانا چاہیے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔