نوازشریف 4سال بعد آج وطن واپس پہنچیں گے،مینارپاکستان گراؤنڈ میں استقبالی جلسے کا پنڈال سج گیا

نوازشریف 4سال بعد آج وطن واپس پہنچیں گے،مینارپاکستان گراؤنڈ میں استقبالی جلسے کا پنڈال سج گیا
کیپشن: Nawaz Sharif will return home today after 4 years, the venue of the reception was decorated at Minar Pakistan Ground.

ایک نیوز :مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف 4سال بعد آج وطن واپس پہنچیں گے ۔مینارپاکستان گراؤنڈ میں استقبالی جلسے کیلئے پنڈال سج گیا،نوازشریف  آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان  کریں گے۔

مینار پاکستان گراؤنڈ میں مسلم لیگ ن کے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔  نواز شریف کے خطاب کیلئے مرکزی اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے جبکہ پنڈال میں40ہزار سے زائد کرسیاں بھی لگادی گئیں۔نواز شریف کے خطاب کیلئے 40 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے، اسٹیج کے پیچھے سیکیورٹی کیلئے 3 کنٹینرز لگائے گئے ہیں، اسٹیج کے اردگرد گراؤنڈز کو جست کی چادروں سے کور کیا گیا ہے، جبکہ اسٹیج کے اِردگرد خار دار تار لگا دیے گئےہیں، جلسہ گاہ میں بڑی بڑی لائٹس اور مسلم لیگ ن کے جھنڈے لگا دیئے گئے ہیں۔ 

گلگت بلتستان،خیبر پختونخوا اور سندھ سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے کارکنوں کیلئے کھانے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ نواز شریف کے استقبال کے لیے کراچی، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد سمیت مختلف شہروں سے ٹرینوں اور بسوں میں قافلوں کی  لاہور آمد شروع ہوچکی ۔

 دوسری جانب قائد مسلم لیگ ن کی 21 اکتوبر کو کی جانے والی تقریر بھی فائنل کرلی گئی، جس میں معیشت کی بحالی ٹاپ ایجنڈے میں شامل ہے۔

 تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف آج دبئی سے اسلام آباد پہنچیں گے۔دبئی سے اسلام آباد میاں نواز شریف کی فلائیٹ کا سٹیٹس بین الاقوامی ہوگا ۔ میاں نواز شریف اسلام آباد ائیرپورٹ پر اپنی امیگریشن کروانا چاہتے ہیں ، امیگریشن کے تمام معاملات کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہی حل کیا جائیگا ،میاں نواز شریف ائیرپورٹ سے باہر نہیں جائینگے ،میاں نواز شریف ائیرپورٹ پر قانونی ٹیم سے ملاقات کرینگے ، میاں نواز شریف کی 24 اکتوبر کو نیب اور ہائی کورٹ پیشی کے تناظر میں مختلف دستاویزات پر انکے دستخط لئے جائینگے ۔

ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے ایک آئینی درخواست ، ایک انسانی حقوق کی درخواست ، دو اپیلوں اور دو بیماری کی درخواستوں پر دستخط کروائیگی ،  قانونی ٹیم سے مشاورت اور دستاویزات پر دستخط کے بعد میاں نواز شریف اسی جہاز سے لاہور روانہ ہونگے ، اسلام آباد سے لاہور فلائیٹ کا اسٹیٹس اندرون ملک پرواز کا ہوگا ، لاہور میں لینڈنگ کے بعد میاں نواز شریف اندرون ملک مسافر کی طرح وی آئی پی لاوئنج سے باہر نکلیں گے۔

نواز شریف کا خصوصی چارٹرڈ طیارہ دبئی سے پاکستان روانگی پرواز FZ4525 دبئی سے 9:25 پر اڑان بھرے گی۔سی اے اے پرواز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12:30 پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔سی اے اے طیارہ سے واپس اسلام آباد سے لاہور کے لیے 2:30 پر روانہ ہو گا۔سی اے اے پرواز 3:20 پر علامہ اقبال ائیرپورٹ لاہور پر لینڈ کرے گا۔

سی اے اے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری فلائٹ شیڈول ایک نیوز نے حاصل کر لیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پرواز کو اسلاُم آباد اور لاہور ائیرپورٹس پر لینڈنگ کی اجازت دے رکھی ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز دبئی میں انتہائی مصروف دن گزارا۔

 دبئی حکومت کی اعلیٰ شخصیت نے  نواز شریف سے اسحاق ڈار کے بیٹے کے گھر ملاقات کی، نوازشریف اور دبئی حکومت کی اعلیٰ شخصیت کی ملاقات تقریباًآدھا گھنٹہ جاری رہی ۔

ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو  ہوئی،نوازشریف کی آج مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔