سربراہ پاک فضائیہ سے کمانڈر ہنگری ایئر فورس کی ملاقات

سربراہ پاک فضائیہ سے کمانڈر ہنگری ایئر فورس کی ملاقات
کیپشن: The meeting of Commander Hungarian Air Force with Chief of Pakistan Air Force

ایک نیوز :سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوسے کمانڈر ہنگری ایئر فورس نے ملاقات کی ۔
 ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق کمانڈر ہنگری ایئر فورس، بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر نے اپنے وفد کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور ہنگری کے ایئر چیف کی جانب سے پاکستان کا پہلا دورہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ شرکت داری میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔
 ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ اور کمانڈر ہنگری  ایئر فورس کے مابین ملاقات، دونوں فضائی افواج کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ ملاقات پاکستان اور ہنگری کے مابین دفاعی صنعت اور عسکری شعبے میں بڑھتی ہوئی دو طرفہ شراکت داری کا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے کمانڈر ہنگری ایئر فورس کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر کو گارڈ آف آنر پیش کیا، پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے کمانڈر ہنگری ایئر فورس کا تعارف کرایا گیا، ایئر چیف کی جانب سے پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت اور اسکے اہداف کا ذکر کیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایئر چیف کی مستقبل کی جنگی حکمتِ عملیوں کے تناظر میں پاک فضائیہ کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیئے جاری مختلف منصوبوں پر گفتگو ہوئی، ایئر چیف نے پاکستان اور ہنگری کے مابین مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کا ذکر کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں معززین کا مشترکہ تعاون، عسکری ٹیکنالوجی اور تربیتی پروگرامز میں باہمی اشتراک کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے کا عزم کیا گیا۔
 ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاک و ہنگری فضائی افواج جلد ایک مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دیں گے، مفاہمتی یادداشت کے تحت پاک فضائیہ، ہنگری ایئر فورس کے لڑاکا پائلٹس کو بنیادی اور ٹیکٹیکل تربیت فراہم کرے گا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاک و ہنگری تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
 ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر جاری، فضائی مشق انڈس شیلڈ میں ہنگری ایئر فورس کی شرکت کو سراہا، ایئر چیف نے دونوں ممالک کے مابین لازوال تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ پاک و ہنگری تعلقات دونوں ممالک کے مابین مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے عزم اور انکے مابین باہمی اتحاد کا موجب ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں ہنگری کے ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت اور اسکی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی شاندار پیشرفت کی تعریف کی، بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر نے دوطرفہ عسکری تعاون اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا، بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر کا دونوں ممالک کے مابین موجود دفاعی شراکت داری کو مستحکم کرنے اور تکنیکی اشتراک کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔