بجلی چوری میں ملوث لیسکو اہلکاروں کیخلاف کارروائی،ریڈرمعطل

بجلی چوری میں ملوث لیسکو اہلکاروں کیخلاف کارروائی،ریڈرمعطل

ایک نیوز: بجلی چوری میں ملوث   لیسکو اہلکاروں کیخلاف بھی کارروائی کا سلسلہ جاری، جی او آر سب ڈویژن کے میٹر ریڈر کو معطل کر دیا گیا. میٹر ریڈر نے صارف کے ساتھ ملکر محکمہ کو 23 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔

رپورٹ کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئرشاہد حیدر کی خصوصی ہدایت پر بجلی چوروں کے سہولت کار لیسکوافسران و ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی او جی او آر سب ڈویژن کی زیر نگرانی گڑھی شاہو کے علاقے میں خصوصی آپریشن کیا گیا جس میں لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی کے علاوہ میٹروں کو بھی چیک کیا گیا۔ اس دوران محمد شہزار اور محمد عاصم نامی صارفین میٹر ٹمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری کرتے پکڑے گئے،۔

محمدشہزاد نے میٹر ٹمپر کرکے قومی خزانے کو 8 لاکھروپے کا نقصان کروایا جبکہ محمد عاصم نامی صارف نے قومی خزانے کو 15 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ ایس ڈی او جی او آر کے مطابق ملزمان نے میٹر ریڈر عدنان حمید کی ملی بھگت سے میٹر ٹمپر کیا تھا جس کے کی وجہ سے میٹر ریڈر عدنان حمید کو بھی فوری طور پر معطل کرکے متعلقہ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ بجلی چوری کرنیوالے دونوں صارفین کے خلاف تھانہ ریس کورس میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔