ملک بھر میں کورونا سے متعلق تمام پابندیاں ختم کرنےکا اعلان

ملک بھر میں کورونا سے متعلق تمام پابندیاں ختم کرنےکا اعلان
اسلام آباد:این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا سے متعلق تمام پابندیاں ختم کرنےکا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وباء کا پھیلاؤ کم ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا سےنمٹنے کے لیے سب نے ملکر 2 سال بہترین کام کیا ہے اور اس دوران کورونا کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے باوجود روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں گے اور ویکسین لگوانے کی پابندی برقرار رہے گی کیونکہ کورونا موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائنس اور حقائق کی بنیاد پر تمام فیصلے کیے گئے کیونکہ کوروناکیسزمیں مسلسل کمی آرہی ہے، 70فیصدافرادکی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی ہے اور اسپتالوں میں کورونامریضوں کےآنےکی شرح میں بھی کمی ہوئی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ سوچ سمجھ کر معمول کی زندگی کی طرف جانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے کے پیش نظر جتنی پابندیاں لگائی تھیں وہ ختم کی جا رہی ہیں۔
بعدازاں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وباء کا دباؤ ضرور ختم ہوا ہے لیکن اس کی آنکھ مچولی دنیا بھر میں جاری ہے جس کے لئے احتیاطی تدابیر جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وباء کے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ تمام شہری ویکسییشن کا عمل جاری رکھیں اور اس عمل کو جلد از جلد مکمل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں اگر اس وباء کا دباؤ بڑھا تو ضرور پابندیوں کی طرف جاسکتے ہیں لیکن یہ سب دنیا بھر میں ہونے والے اثرات کو دیکھتے ہوئے کیا جائیگا۔