پاک فضائیہ کے 2افسران کی ایئرمارشل کے عہدے پرترقی 

پاک فضائیہ کے 2افسران کی ایئرمارشل کے عہدے پرترقی 
کیپشن: Promotion of 2 officers of Pakistan Air Force to the rank of Air Marshal

ایک نیوز:حکومت پاکستان کی جانب سے ایئر وائس مارشل عبدالمعید خان اور ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن کو ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق  ترقی پانے والوں میں ایئر وائس مارشل عبدالمعید خان اور ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن شامل ہیں۔

ائیر مارشل عبدالمعید خان نے دسمبر 1989ء میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے شاندار کیرئیر کے دوران انہوں نے فاءیٹر اسکواڈرن، ملٹری ٹریننگ ونگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان اور کمبیٹ کمانڈرز سکول مصحف کی کمانڈ کی۔ آپ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بطور کمانڈنٹ اور اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر سٹاف (پلانز) کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ ائیر آفیسر نے ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی، ڈائریکٹر جنرل (ویلفیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن)، ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ اور ڈی جی ائیر آپریشنز کے طور پر بھی اپنے فرائض سرانجام دیے۔ اس وقت وہ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف (ایئر ڈیفنس) کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ائیر مارشل غلام عباس گھمن نے جون 1990ء میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران  فائٹر سکواڈرن، فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل ائیر بیس کی کمانڈ کی۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز، پشاور میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس انڈکشن کے طور پر کام کیا اور ترکی میں ڈیفنس اور ایئر اتاشی کے عہدے پر فائز رہے۔  بطور ڈائریکٹر پلانز بھی خدمات سر انجام دیں۔ آپ نے ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ کے طور پر بھی اپنے فرائض سرانجام دیئے۔ اس وقت، وہ ائیر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک  کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔