عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی جائے: فواد چودھری

عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی جائے: فواد چودھری
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ گوالمنڈی میں پٹھو گرم کھیلنے والے لندن میں پولو کھیل رہے ہیں، جس طرح نوازشریف بغیر گارنٹی باہر گئے اس کا دکھ ہے ، عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی جائے، کیسز بنتے ہیں اور چھ چھ مہینے تاریخیں نہیں ملتیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چودھری نے کہا کہ نادرا کے آڈٹ سسٹم سے انفارمیشن منسٹری کو رپورٹ پیش کی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد سے جلد الیکشن میں استعمال ہونا شروع ہو جائے گی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ای ووٹنگ کو یقینی بنایا جارہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو سیاسی نظام کا حصہ تصور کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ضروری دینا چاہیے، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کیوں دینے دیا جائے تو مجھے حیرت ہوئی۔

فواد چودھری نے کہا کہ عدالتوں کا احترام ہے لیکن جس طرح نوازشریف بغیر گارنٹی باہر گئے اس کا دکھ ہے ، عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں شہبازشریف کے کیس کی سماعت روزانہ کی جائے، کیسز بنتے ہیں اور چھ چھ مہینے تاریخیں نہیں ملتیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان سے پیسہ لوٹا اور باہر لے گئے، لاہور گوالمنڈی میں پٹھو گرم کھیلنے والے لندن میں پولو کھیل رہے ہیں، یہاں سے منتیں کرکےگئے، باہر جا کر پولو میچ دیکھنے پر اب کیا کہا جائے، نواز شریف کے لندن میں عیاشی کرنے سے عوام کو دکھ ہے، نواز شریف نے پاکستان میں چمچے چھوڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپیہ وفاق سےصوبوں کوجاتا ہے لیکن سندھ ڈویلپمنٹ کا پیسہ کہاں خرچ کر رہا ہے، ہر روز ہم دیکھتے ہیں کہ کراچی کے حالات برے ہو رہے ہیں،کراچی کو اس کا حق نہیں مل رہا، کراچی کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ کا بھی برا حال ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کراچی ڈیفینس فیز8 میں نجی ہوٹل کی زمین پر اپارٹمنٹس کا معاملہ موخر کردیا ہے، سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اس پر غیر قانونی قبضہ چھڑا یا جائے ،پاکستان کوسٹ گارڈز فاؤنڈیشن کے قیام پر فیصلہ موخر کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد اویس کو ناروے حکومت کے حوالے کرنے کی منظوری دی ہے ، سینما بہت جلد کھول دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ سب سے بڑا پالیسی فیصلہ ہوگا، کیبل ڈیجیٹلائز ہونے کے بعد 900،950 چینلز ہوجائیں گے ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چینلز کو لاسکیں گے۔