بھارت ٹرین حادثہ: امدادی رقم کی لالچ، بیوی نے شوہر کو مردہ ظاہر کردیا

بھارت ٹرین حادثہ: امدادی رقم کی لالچ، بیوی نے شوہر کو مردہ ظاہر کردیا
کیپشن: India train accident: Greed for relief money, wife makes husband appear dead

ایک نیوز: بھارت ٹرین حادثے میں ہلاک افراد کے لیے حکومت کی جانب سے امدادی رقم وصول کرنے کیلئے بیوی نے شوہر کو مردہ ظاہر کر دیا۔

گزشتہ دنوں بھارتی ریاست اڑیسہ میں دو مسافر ٹرینیں ایک ٹریک پر آکر آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے کے بعد مسافر بوگیاں دوسرے ٹریک پر کھڑی مال گاڑی پر چڑھ گئیں، خوفناک تصادم میں 288 افراد ہلاک اور 900 افراد زخمی ہوئے۔

حادثے کے بعد بھارت میں سوگ کا سماں ہے جبکہ ہلاک افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدری کی جارہی ہے اور حکومت کی جانب سے مرنے والوں کے لواحقین  کیلئے 5 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم ایک خاتون نے ٹرین حادثے میں ہلاک افراد کی امدادی رقم وصول کرنے کے لیے اپنے زندہ شوہر کو مردہ ظاہر کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کٹک ضلع کی ایک خاتون نے اڑیسہ ٹرین حادثے کے متاثرین کے لیے اعلان کردہ امدادی رقم وصول کرنے کیلئے جعلی دستاویزات پیش کرکے اپنے زندہ شوہر کو  مردہ  قرار دینے کی کوشش کی۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب خاتون کے شوہر وجے دت نے خود اس سلسلے میں منی بندھا پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرائی۔

رپورٹس کے مطابق خاتون کی شناخت گیتانجلی دتہ کے نام سے ہوئی ہے، وہ  شہر کے ایک اسپتال پہنچی جہاں ٹرین حادثے میں ہلاک افراد کی لاشوں کو شناخت کے لیے رکھا گیا تھا۔

خاتون نے جعلی دستاویزات دکھائے اور دعویٰ کیا کہ اس کے شوہر کی ٹرین حادثے میں موت ہو گئی۔ تاہم امدادی  رقم حاصل کرنے کی اسی کوشش کو پولیس نے بے نقاب کیا۔

رپورٹس کے مطابق دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران پتہ چلا کہ خاتون نے رقم ہتھیانے کے لیے جعلی دستاویزات تیار کیں۔