46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، ترجمان مذہبی امور

46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، ترجمان مذہبی امور
کیپشن: More than 46,000 Pakistani Hajj pilgrims have reached Saudi Arabia, Spokesman for Religious Affairs

ایک نیوز: رواں سال حج انتظامات کے بارے میں ترجمان وزارت مذہبی امور نے اپڈیٹ جاری کی ہے۔ جس کے مطابق 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمینِ حج  سعودی عرب پہنچ گئے۔ 

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی تعداد 30 ہزارتک پہنچ گئی جبکہ مدینہ منورہ میں 16 ہزار عازمین موجود ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے مدینہ منورہ کیلئے پروازوں کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے اور اب 21 جون تک تمام سرکاری حج پروازیں جدہ اتریں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ حج سے قبل 42 ہزار سے زائد عازمینِ کرام کو مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کروائی جائے گی۔ اس کے علاوہ پرائیویٹ حج سکیم  کے عازمین کی آمد بھی شروع ہوچکی ہے۔ ابھی تک 3 ہزار سے زائد عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔ اس حوالے سے 35 حج گروپ آرگنائزرز کی مانیٹرنگ مکمل کر لی گئی ہے اور نجی حج سکیم کی 2 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ 

ترجمان نے بتایا کہ شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنےوالے 18 عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا۔ حج میڈیکل مشن کے تحت مکہ اور مدینہ میں  دو ہسپتال اور 12 ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ مکہ اور مدینہ منورہ میں 272  ڈاکٹرز  اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔