پارلیمنٹ حملہ کیس، عمران خان کی درخواست پر جواب کیلئے نوٹس جاری

پارلیمنٹ حملہ کیس، عمران خان کی درخواست پر جواب کیلئے نوٹس جاری
کیپشن: Parliament attack case, notice issued for response to Imran Khan's request(file photo)

ایک نیوز: پارلیمنٹ حملہ کیس میں عمران خان کی متفرق درخواست پر عدالت نے پراسیکیوشن سے جواب طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان کی قانونی ٹیم کی جانب سے دہشتگردی کی دفعہ 23 اے کے تحت درخواست دائر کرتے ہوئے دہشتگردی عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا۔ 

عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے کہاکہ یہ کیس دہشتگردی عدالت کا نہیں بنتا۔ اس لیے اسے متعلقہ عدالت کو منتقل کیا جائے۔ انہوں نے اپنے دلائل میں کہا کہ پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں دہشتگردی دفعات نہیں بنتیں، پرامن احتجاج کیا گیا تھا جس پر دہشتگردی کی دفعات لگائی گئیں، احتجاج آئینی دھارے میں رہتے ہوئے کیا گیا تھا۔ 

عدالت نے پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئےآئندہ سماعت پر پراسیکیوشن سے درخواست پر دلائل طلب کرلیے اور سماعت9 فروری تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے کہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مستقل حاضری سے استثنیٰ حاصل ہے۔