کراچی میں اسٹریٹ کرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے،وزیر داخلہ سندھ

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے،وزیر داخلہ سندھ
کیپشن: کراچی میں اسٹریٹ کرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے،وزیر داخلہ سندھ

ایک نیوز :وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا مسئلہ ہے مگر اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھاکہ سندھ میں امن وامان قائم کرکے دکھائیں گے، کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور کچےکے علاقے میں امن وامان کے مسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سکھر موٹر وے بند نہیں، شکار پور سکھر گھوٹکی کے ایس پیز کو تبدیل کیا ہے، کشمور پولیس کی کچے میں کارروائیاں جاری ہیں، شہید ٹیچر اللہ رکھیو کے رشتہ داروں کو حراست میں لیا ہے اور مرکزی ملزمان کی گرفتاری تک ٹیچر کے رشتہ دار حراست میں رہیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ یقین دلاتاہوں بالائی سندھ میں امن مکمل بحال کرینگے، پولیس کےجوانوں نے قیام امن کےلیے قربانیاں دی ہیں، پولیس کا مورال بلند کریں تاکہ کچے میں لڑسکیں جبکہ  گھوٹکی کشمور اضلاع میں ایک ہزار پولیس نفری بھیج رہے ہیں اور ایس ایس یو کےکمانڈوز بھی لگائیں گے۔

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا مسئلہ ہے، وہ حالات نہیں جو 2008 سے 2013 تک تھے، اسٹریٹ کرائم کو بڑھاچڑھاکر پیش کیاجا رہا ہے، میڈیا میں بھی یہ معاملہ گرم ہے مگر یہ زندگی کا کاروبار ہے، کاروبار چلتا ہے تو کرائم بھی ہوجاتے ہیں، اسٹریٹ کرائم میں جاں بحق افراد کےاہلخانہ سے دلی ہمدردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے واقعات ختم کرینگے جہاں واقعہ ہوگا وہاں ایس ایچ او کےساتھ سزا جزا ہوگی اور معاملہ ایس ایچ او تک ہی نہیں رہےگا بلکہ آئی جی کو بتا دیا ہے ایسا میکنزم بنا رہے ہیں ایک تفتیشی افسر کے پاس دس سے زائد مقدمات نہ ہوں۔