’پسوڑی‘ کا بھارتی ریمیک نہیں پسند تونہ سنیں،گلوکارہ شے گل  

 ’پسوڑی‘ کا بھارتی ریمیک نہیں پسند تونہ سنیں،گلوکارہ شے گل  
کیپشن: Listen to the Indian remake of 'Psuri', singer Shey Gul

ایک نیوز :گلوکارہ شے گل کا اپنے گانے  ’پسوڑی‘ کے بھارتی ریمیک پر ردعمل میں کہنا تھاکہ  ’پسوڑی‘ کا بھارتی ریمیک نہیں پسند تونہ سنیں۔

بالی وڈ فلم 'ستیہ پریم کی کتھا' جس میں کیارا ایڈوانی اور کارتک آریان نے مرکزی کردار نبھایا ہے، میں پاکستانی گانے 'پسوڑی' کا ری میک شامل کیا گیا ہے جو سخت تنقید کی زد میں ہے۔مداحوں نے پروڈیوسرز اور گلوکار اریجیت سنگھ سمیت گلوکارہ تُلسی کمار کو  آڑے ہاتھوں لیا ہے اور  اوریجنل گانے کو خراب کرنے کا الزام لگایا ہے۔

انسٹاگرام پر گلوکارہ نے اسٹوریز پوسٹ کیں جس میں انہوں نے کہا 'میں یہ ویڈیو اس لیے بنا رہی ہوں کیونکہ میں پسوڑی ریمیک پر بات کرنا چاہ رہی تھی، مجھ سے بہت لوگ سوال کر رہے ہیں کہ کیا یہ میرا فیصلہ تھا، لیکن میں گانے کے حقوق نہیں رکھتی، اس لیے یہ گانا میں نے فروخت نہیں کیا'۔

شے گل کا کہنا تھا 'گانے کے ریمیک کے حوالے سے مجھے مداحوں سے ہی معلوم ہوا، میں سمجھ سکتی ہوں کہ آپ پسوڑی کے اصل گانےکو  بہت زیادہ پسند کرتے ہیں اور اس کے لیے میں آپ کی محبت کی بے حد مشکور ہوں جو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی، لیکن اس دوران میں نہیں چاہتی کہ آپ کسی کے لیے نفرت کا اظہار کریں، آپ ریمیک کے بجائے یہ دیکھیں کہ گانےکو کس طرح پیش کیا گیا'۔

گلوکارہ نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ جسے ریمیک پسند نہیں آیا وہ اسے مت سنیں۔انہوں نےکہا کہ ’نفرت کا اظہار کرنے کے بجائے اسے مت سنیں، گھر والوں کے ساتھ آپس میں گانے سے ناپسندیدگی کا اظہار کرنا پھر بھی ٹھیک ہے لیکن اگر آپ سوشل میڈیا پر سب کے سامنےکسی کی بے عزتی کررہے ہیں تو یہ اچھا نہیں ہے، میں آپ سب کے ساتھ بس یہی کہنا چاہتی تھی ’۔

تاہم پسوڑی گانے کے ریمیک پر گلوکار علی سیٹھی کا تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ پسوڑی 2022 میں پاکستانی گلوکار علی سیٹھی اور شے گل نے کوک اسٹوڈیو پاکستان کے سیزن 14 میں گایا تھا جسے بے پناہ مقبولیت ملی، گانے کی شاعری بھی علی سیٹھی نے فضل عباس کے ہمراہ لکھی تھی۔