ن لیگ کا حصہ ہوں لیکن الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا، مفتاح اسماعیل

ن لیگ کا حصہ ہوں لیکن الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا، مفتاح اسماعیل
کیپشن: I am a part of PML-N but I will not participate in the election, Miftah Ismail(file photo)

ایک نیوز: مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، اہم لیگی رہنما نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ن لیگ کا حصہ ہیں لیکن مستقبل میں الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے میرے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ اسحاق ڈار نے میرے خلاف بات کی، میری قابلیت پر سوال اٹھایا جس کا میں نے انہیں جواب دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے سوچا کہ شاید وہ آئی ایم ایف کے بغیر چل سکتے ہیں۔ ڈار صاحب نے کوشش کی لیکن پاکستان کو نقصان ہوا۔ اب حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط ماننا ہوں گی۔ 

اسحاق ڈار کو کیوں لایا گیا؟ لیگی رہنما سے پوچھے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک ہم سے آگے نکل رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہمارے ملک میں گورننس ٹھیک نہیں۔ ملک میں گورننس ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوری طرز حکومت، صدارتی نظام اور آمریت کا تجربہ کیا جاچکا ہے۔ بدقسمتی سے ایک چھوٹی سی ایلیٹ کلاس پاکستان کے تمام فیصلے کررہی ہے۔ ملک میں عجیب سا ایلیٹ سسٹم بنایا جاچکا ہے جسے ہٹانا ضروری ہوگیا ہے۔ مقامی سطح پر اختیارات بہتر نہیں ہوں گے تو بہتری نہیں آئے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملکی ترقی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کی حکومت سسٹم کو نہیں بدل سکی، جس کیلئے وہ خود کو قصوروار سمجھتے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو مان کر طویل مدتی کام کیے جاسکتے ہیں۔ ملکی ترقی کیلئے امپورٹ اور ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت ہے۔