قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں پرحکومت اوراپوزیشن میں پاورشیئرنگ پراتفاق

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل ،حکومت اوراپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار
کیپشن: Formation of standing committees of the National Assembly, deadlock remains between the government and the opposition

ایک نیوز:قومی اسمبلی کی قائمہ اورپارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل کےمعاملےپرحکومت اوراپوزیشن کےدرمیان پاورشیئرنگ فارمولے پراتفاق ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق ایک ہفتے میں حکومت اور اپوزیشن کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور اراکین کے نام سپیکر کو فراہم کریں گے ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور کشمیر کمیٹی میں اپوزیشن کے ارکان کی تعداد 7،7 ہوگی۔حکمران اتحاد کو ہر کمیٹی میں اکثریت حاصل ہوگی ۔
کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن اراکین کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں پارلیمانی جماعتوں کے عددی تناسب سے کمیٹیوں کے اراکین اور تقیسم کا فارمولا پیش کیا گیا جس پر فریقین نے اتفاق کرلیا۔ 
اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی 26 کمیٹیوں کی چیئرمین شپ حکومتی اتحاد جبکہ 11 کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو ملے گی، اسی طرح پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین اپوزیشن اور کشمیر کمیٹی کا چیئرمین حکومتی اتحاد سے ہوگا، سپیکر قومی اسمبلی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی اور اسمبلی کی فنانس کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

فریم ورک کے مطابق قائمہ کمیٹیوں میں 13، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں 16 اراکین حکومتی اتحاد سے ہوں گے، کشمیر کمیٹی میں15، ہاؤس بزنس ایڈوائزی میں 18 ممبران حکومتی اتحاد سے ہوں گے۔قومی اسمبلی کی 14 کمیٹیوں کے چیئرمین مسلم لیگ ن، جبکہ 8 کمیٹیوں کے پیپلزپارٹی سے ہوں گے، ایم کیو ایم کو 2، مسلم لیگ ق اور استحکام پاکستان پارٹی کو ایک ایک کمیٹی کی چیئرمین شپ ملے گی۔10 کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین، ایک کمیٹی کی چیئرمین شپ جے یو آئی کے پاس ہوگی، قائمہ کمیٹیوں کے 20 ارکان میں سے 14 اراکین حکومت، 6 اپوزیشن جماعتوں سے ہوں گے، ہر قائمہ کمیٹی میں مسلم لیگ ن کے 7، پیپلزپارٹی کے 4 جبکہ مسلم لیگ ق اورایم کیو ایم کا ایک ایک رکن شامل ہوگا۔
قائمہ کمیٹی میں پی ٹی آئی کے 5 آزاد اراکین اور جے یو آئی کے ایک رکن کو بطور کمیٹی رکنیت دی جائے گی، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے 23 ممبران میں سے 16 اراکین پارلیمنٹ حکومت اور 7 اپوزیشن سے ہوں گے، استحقاق کمیٹی کے 22 ارکان میں سے 15 اراکین حکومت اور 7 اپوزیشن سے ہوں گے۔
حکومتی یقین دہانیاں کمیٹی میں 16 ارکان میں سے 11 حکومت اور 5 اپوزیشن سے ہوں گے، ہاؤس اینڈ لائبریری کمیٹی کے 13 ممبران میں سے 9 حکومت اور 4 اپوزیشن سے ہوں گے، 22 رکنی کشمیر کمیٹی میں حکومت کا کوٹہ 15 جبکہ اپوزیشن کا 7 اراکین پر مشتمل ہوگا، ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے 26 اراکین میں سے 18 حکومت اور 8 اپوزیشن سے ہوں گے۔
سپیکر نے پارلیمنٹ سے صدر کے خطاب پر بحث مکمل کرنے کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور چیئرمینوں کے الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔