ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر ، صبح 10بجے سماعت

ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر ، صبح 10بجے سماعت

ایک نیوز نیوز:  تحریک انصاف  اور مسلم لیگ (ق) نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کردی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویزالہٰی کی جانب سے عامرسعید راں نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے پارٹی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کرنے کی تصدیق کی۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی پٹیشن داخل ہو گئی ہے اس پر نمبر لگ رہا ہے اور سماعت کیلئے مقرر کی جائیگی۔ ہمیں سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے۔

بعد ازاں فواد چودھری نے بتایا کہ اسپیکر کے غیر آئینی اقدام کے خلاف پٹیشن کی سماعت آج صبح دس بجے ہو گی۔

اس کے علاوہ پرویرز الہیٰ کے وکیل عامر سعید راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی، چیف جسٹس غیر آئینی اقدام پر ازخود نوٹس لیں۔

 عامر سعید راں کا کہنا تھا کہ جب تک چیف جسٹس عدالت نہیں آجاتے تب تک یہیں بیٹھے ہیں۔

واضح رہے کہ ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے جبکہ پرویز الہیٰ کو پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے گزشتہ روز ووٹنگ ہوئی جس میں حمزہ شہباز نے اکثریت کی حمایت حاصل کرلی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس تقریباً پونے تین گھنٹے کی تاخیر سے شام 7 بجے شروع ہوا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے ووٹنگ کا عمل شروع کرایا۔

ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔