اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے عوام کو مایوس کیا،شہبازشریف

اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے عوام کوبددل اورمایوس کیا،شہبازشریف
کیپشن: The non-political attitudes of the opposition have changed and disappointed the people, Shehbaz Sharif

ایک نیوز:وزیراعظم شہبازشریف نےکہاہےکہ8 فروری کے بعد اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے بھی اُن کے حامیوں اور عوام کو بددِل اورمایوس کیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارکباددی۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھاکہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے ،ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والے عوام کا تہہ دِل سے شکریہ ادا کرتے ہیں ،عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ،پوری دیانتداری اور محنت سے ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔

شہبازشریف کامزیدکہناتھاکہ معاشی بہتری کے واضح ہوتے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہورہی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور خارجہ تعلقات کی بہتری کی حکومتی خدمت کا عوامی اعتراف ہے، معاشی بہتری اور عوامی ریلیف میں اضافے کے ساتھ آنے والے وقت میں عوامی رائے مزید تبدیل ہوگی۔
وزیراعظم کاکہناتھاکہ اِن شاءاللہ عالمی مالیاتی اداروں، خبررساں اداروں اور سرویز میں معاشی بہتری کی پیش گوئیوں نے بھی عوام کی رائے پر مثبت اثر ڈالا ہے، 8 فروری کے بعد اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے بھی اُن کے حامیوں اور عوام کو بددِل اورمایوس کیا ہے ،ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے، انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی بات چیت سے ہی دور کیاجاسکتا ہے۔