بونیر، سوات میں جاری 2 روزہ ایلم ونٹر فیسٹیول اختتام پذیر

بونیر، سوات میں جاری 2 روزہ ایلم ونٹر فیسٹیول اختتام پذیر
کیپشن: The ongoing 2-day Elm Winter Festival in Bonair, Swat concludes

ایک نیوز: پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کے تعاون سے بونیر، سوات میں دو روزہ ایلم ونٹر فیسٹول اختتام پذیر ہو گیا۔ آج سے دس سال پہلے تک دہشت گردوں کی کارروائیوں کے مرکزی علاقوں میں پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت خوشیاں لوٹ آئی ہیں- سوات اور مالاکنڈ میں سیاحت عروج پر پہنچ گئی۔ 

بونیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے ونٹر فیسٹول میں پاکستان بھر سے 110 بائیکس اور 60 جیپوں نے حصہ لیا۔ جیپ اینڈ بائیک ریلی کے شرکاء نے پنجاب سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور مردان سے گزرتے ہوئے بونیر پہنچے۔ جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ 

ایلم ونٹر فیسٹول کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور تھے۔ تقریب میں پیرا گلائیڈرز نے شاندار مظاہرہ کیا اور شائقین سے داد وصول کی۔ اس کے ساتھ ساتھ فرنٹیئر کور کی مارشل ڈانس پارٹی خٹک ڈانس پیش کیا۔ 

فیسٹول کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور نے کھلاڑیوں میں سرٹیفیکیٹ، شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ شرکاء نے ایونٹ کے انعقاد پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

خاتون سیاح کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں آکر سرپرائز ملا کہ یہ کتنا پرامن علاقہ ہے۔ پاک فوج کی وجہ سے ہی یہ علاقہ اب پرامن ہے۔ مقامی سکھ شہری کا کہنا تھا کہ آج بونیر میں اس ایوینٹ کے انعقاد پر میرے خوشی کے آنسو نکل رہے ہیں۔