ویب ڈیسک :اقلیتیں پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور ہمارے لئے بہت قابل عزت ہیں، پاکستان اقلیتوں کو ملاکر ہی مکمل ہوتا ہے ،ہماری جماعت میں اقلیتوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے ناموں پر غور کے لئے منعقدہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئےنواز شریف نے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں ،میں کبھی کسی مسلم اور غیر مسلم میں امتیاز نہیں برتتا ۔ہم سب ایک ہی قوم کے باشندے ہیں ۔ ایک ہی ملک کے رہنے والے ہیں ۔میرے لئے سب برابر ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان، ہندو مسیح، سکھ، پارسی سمیت تمام لوگ قوم کے فرد ہیں اور ہمارے لیے اتنا ہی اہم ہیں جتنا ہم اپنی ذات کو سمجھتے ہیں اور پچھلی جو جنگیں گزری ہیں اس میں بھی آپ نے بہت قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں خود ایسے فوجیوں کو جانتا ہوں جنہوں نے ایک سچے اور عمدہ پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا ہے اور ہمیں ان کی خدمات پر بھی ناز ہے، وہ بہت بہادر، سچے اور مخلص لوگ تھے۔