عمران خان کے قریبی ساتھی کو طالبان کی جانب سے بھتے کی پرچی موصول

عمران خان کے قریبی ساتھی کو طالبان کی جانب سے بھتے کی پرچی موصول

ایک نیوز نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی اور  خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے خوراک و کھیل عاطف خان کو دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے مبینہ خط موصول ہوا ہے جس میں 80 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر عاطف خان نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے خط موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔عاطف خان کا کہنا تھا کہ انہیں خط میں دھمکیاں دی گئی ہیں تاہم انہوں نے اس معاملے پر مزید بات کرنے سے انکار کر دیا۔
خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کے ساتھ بھتے کی دھمکیوں اور شدت پسندوں کی جانب سے ٹیلی فون کال کا سلسلہ بھی بڑھ چکا ہے جن سے تاجر، سرمایہ دار اور اب حکومتی وزرا بھی محفوظ نہیں رہے۔
ٹی ٹی پی کی جانب سے عاطف خان کو موصول ہونے والے مبینہ خط پر17 اکتوبر کی تاریخ درج ہے ۔خط کے متن کے مطابق ’خط دیکھ کر آپ کو بخوبی اندازہ ہوا ہوگا کہ ہم کون ہیں اور کیا چاہتے ہیں۔
’عاطف خان ہم  آپ کو قریب سے جانتے ہیں اور آپ کالعدم تحریک طالبان مردان کے مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں اور اب آپ کی باری آچکی ہے۔مبینہ خط میں دھمکی دی گئی ہے کہ ’اگر آپ فہرست سے نکلنا چاہتے ہیں تو ہمارا مطالبہ ماننا پڑے گا یا زندگی سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔
خط کے ساتھ سوشل میڈیا پر ایک آڈیو کلپ بھی شئیر ہوا ہے جس میں مبینہ طور پر صوبائی وزیر عاطف خان بھتہ دینے سے صاف انکار کررہے ہیں۔مبینہ آڈیو کلپ میں عاطف خان کہہ رہے ہیں کہ اگر مجھے مارنا چاہتے ہو تو مار دو لیکن پیسے نہیں دوں گا۔