پی سی بی انڈر19قومی ون ڈے کپ کا آغاز ہو گیا

پی سی بی انڈر19قومی ون ڈے کپ کا آغاز ہو گیا
لاہور (ایک نیوز نیوز) کورونا وائرس کی وبا کے باوجود پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں شامل پی سی بی انڈر19 قومی ون ڈے کپ کا بھی آج سے آغاز ہو گیا۔ ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق نے ٹورنامنٹ کے میچز دیکھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں کھلاڑیوں کے درمیان ایک روزہ طرز کی کرکٹ کے مقابلے آج سے لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں شروع ہو گئے ہیں۔ اکیس روزہ ایونٹ کا فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں کل بیس لاکھ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو دس لاکھ جبکہ رنرزاپ کو پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین وکٹ کیپر اور بہترین باؤلر کو پچاس پچاس ہزار انعام دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں کل تیس لیگ میچز کھیلے جائیں گے جہاں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو دس ہزار اور مین آف دی فائنل کو بیس ہزار روپے انعام دیا جائیگا۔ ایونٹ کے پہلے روز پنجاب کی دونوں انڈر 19 ٹیمیں سنٹرل اور سدرن کے درمیان میچ قذافی سٹیڈیم لاہورمیں ہوگا۔