ایک نیوز: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نےصوبائی دارالحکومت میں یونین کونسلوں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات میں کہا ہے کہ عوام کے ووٹ سے نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔ نواز شریف کا ساتھ مہنگائی سے نجات کی ضمانت ہےہربار کی طرح اس باربھی نوازشریف پاکستان کو ٹھیک کرکے دکھائےگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے این اے 128 اور این اے 129 کی یونین کونسلوں کے چئیرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں سے مشاورت کی۔ قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام پریشان ہے، اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے،پاکستان کی ترقی یقینی ہے کیونکہ نوازشریف واپس آرہا ہے،نوجوان ، مزدور، دیہاڑی دار بے روزگارہے، اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے،مشکلات سے کیسے نکلیں؟ حل بتانے نوازشریف آ رہا ہے،دہشت گردی لوٹ آئی ہے، اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے،نوجوان کو روزگار دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ غریب کو سستا آٹا، سستی روٹی، سستی چینی، سستا گھی نوازشریف کی حکومت میں ہی ملا ہے،غریبوں کا ساتھی اور ہمدرد صرف نوازشریف ہے،سارے تجربے فیل ہوگئے، تجربہ ایک ہی کامیاب رہا ، وہ ہے نوازشریف،نوازشریف قوم کو اچھے دِن پھر دکھائے گا، اِن شاءاللہ،نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرکے دفاع ناقابل تسخیر بنایاتھا،2024 سے 2029 کے پانچ سال میں پاکستان کو معاشی طورپر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ 4 اگست 2016 کو وزیراعظم نوازشریف نے آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ دیا تھا،نوازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا لیکن مہنگائی نہیں ہونے دی۔
سابق اراکین قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر اور سردار ایاز صادق کے علاوہ سابق ارکان صوبائی اسمبلی غلام حبیب اعوان، ملک وحید احمد، خواجہ سلمان رفیق , رانا احسن شرافت اور باؤ اختر بھی ملاقات میں موجود تھے۔