ایک نیوز:سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اٹک جیل میں اپنے خاوند سے پہلی ملاقات ختم کرکے واپس روانہ ہوگئی ہیں۔ اس موقع پر جیل اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور میڈیا کو بھی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ تاہم عمران خان کے وکلاء کی آج بھی ان سے ملاقات نہیں ہوسکی ہے۔
عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے بتایا ہے کہ بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات 30 منٹ جاری رہی۔ جس میں بشریٰ بی بی نے عمران خان کی خیریت دریافت کی اور انہیں موجودہ سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔
بشریٰ بی بی نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بالکل خیریت سے ہیں۔ تاہم انہیں ابھی بھی جیل میں سی کلاس میں ہی رکھا گیا ہے۔
نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا کہ لیگل ٹیم کو ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ملنے نہیں دیا گیا، اس معاملہ کو کل ہم ہائی کورٹ میں اٹھائیں گے۔
اس سے قبل عمران خان سے ملاقات کیلئے بشریٰ بی بی وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کے ہمراہ اٹک جیل پہنچی تھیں۔
عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے خبر دی تھی کہ بشریٰ بی بی اٹک جیل میں عمران خان سے ملاقات کیلئے موجود ہیں۔ انہوں ںے بتایا کہ ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق اٹک جیل پہنچے ہیں۔
تاہم عمران خان کے وکلاء کو ملاقات سے روک دیا گیا ہے جبکہ بشریٰ بی بی ملاقات کیلئے جیل کے اندر چلی گئیں۔
نعیم حیدرپنجوتھہ نے بتایا کہ ہائیکورٹ نے فیملی اور وکلاء کو چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں ملنے کی اجازت دی تھی۔