عام انتخابات میں تشدد کے امکان کو تشویش کی نظر سے دیکھتے ہیں، امریکا

عام انتخابات میں تشدد کے امکان کو تشویش کی نظر سے دیکھتے ہیں، امریکا
کیپشن: The possibility of violence in the general elections is viewed with concern, America

ایک نیوز: امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے عام انتخابات میں تشدد کے امکان کو تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے جس کی وجہ سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد پاکستان کے سرکردہ سیاسی رہنما عمران خان کو الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔

بدھ کو وائٹ ہاؤس میں نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یقینی طور پر ہمیں پاکستان میں تشدد کے واقعات پر تشویش ہے جن کی وجہ سے ملک میں عدم استحکام بڑھ سکتا ہے، یا کسی بھی ایسے ملک میں جہاں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ہمارے مشترکہ مفادات ہیں۔ لہٰذا، بالکل ہم اسے تشویش کی نظر سے دیکھتے ہیں۔‘

جان کربی سے سوال پوچھا گیا تھا کہ کیا آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچویں بڑے ملک پاکستان میں شدت پسند سیاسی افراتفری کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی مدت ختم ہو رہی ہے جس کے بعد نگراں حکومت قائم ہو گی جو الیکشن کروائے گی۔

اے ایف پی کے مطابق عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول سیاسی رہنما ہیں اور انہیں نااہل قرار دیا گیا ہے۔ گذشتہ برس اپریل میں ان کو اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا اور حال ہی میں انہیں کرپشن کے الزامات پر جیل بھیج دیا گیا ہے، تاہم ان کے حامیوں کا کہنا ہے یہ الزامات سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے ہیں۔

’امریکہ سازشی مفرضوں سے بچنے کے لیے عمران خان اور الیکشن کے حوالے سے محتاط تبصرہ کرتا ہے۔‘