رمضان ریلیف پیکیج  میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،وزیراعظم

رمضان ریلیف پیکیج  میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،وزیراعظم
کیپشن: رمضان ریلیف پیکیج  میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،وزیراعظم

ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ رمضان ریلیف پیکیج میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رمضان المبارک میں رمضان ریلیف پیکیج اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، رومینہ خورشید عالم اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. 

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ رمضان المبارک 2024 میں ملک کے غریب و متوسط طبقے کیلئے 7.5 ارب روپے کی سبسڈی پر مبنی تاریخی رمضان ریلف پیکیج رمضان المبارک میں ملک بھر میں 3 کروڑ 96 لاکھ سے زائد خاندانوں کو اشیاءِ خورونوش سستے داموں فراہم کی جارہی ہیں.بینظیر انکم سپورٹ پوروگرام کے تحت اہل 88 فیصد خاندانوں کو آٹا، چاول، دالیں، گھی، خوردنی تیل، چینی، دودھ سمیت 19 اشیاءِ خورونوش بازار سے بارعایت  فراہم کی جارہی ہیں. آٹے کے 20 کلو تھیلے پر 77 روپے فی کلو اور گھی پر 70 روپے فی کلو سبسڈی دی جارہی ہے. وزیرِ اعظم کا رمضان ریلیف پیکیج ملک بھر میں قائم 4 ہزار 775 یوٹیلیٹی اسٹور کے ذریعے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جارہا ہے. ملک بھر میں وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے جو چاند رات تک جاری رہے گی.

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ رمضان المبارک میں غریب و متوسط خاندانوں کو اشیاءِ خورونوش کی بازار سے کم قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے.رمضان ریلیف پیکیج میں فراہم کی جانے والی اشیاءِ خورونوش کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں.رمضان پیکیج میں تقسیم کی جانے والی اشیاء کے معیار کی کڑی نگرانی کی جائے.یقینی بنایا جائے کہ رمضان پیکیج کے حصول کیلئے آنے والے مستحق افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو. رمضان پیکیج بالخصوص سستے آٹے کی تقسیم کیلئے کاونٹرز میں اضافہ اور موبائل یونٹس کا قیام عمل میں لایا جائے.

 شہبازشریف کاکہنا تھاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دیگر اشیاءِ ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی یقینی بنائی جائے. رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے غریب و متوسط طبقے کے لوگوں تک اسکی مکمل رہنمائی پہنچائی جائے تاکہ انہیں پیکیج کے تحت اشیاء کے بروقت حصول میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے.پیکیج کے حصول کیلئے آئے افراد کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے نظام کو مزید مربوط و مؤثر بنایا جائے.

وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت و سست روی برداشت نہیں کی جائے گی. حکومت رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مہنگائی سے پریشان غریب و متوسط طبقے کے لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی.

وزیرِ اعظم  نے رمضان میں ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 10 ہزار 500 روپے کی سہ ماہی قسط مستحق افراد، بلوچستان کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بلوچستان کے تحت مستحق افراد میں اضافی 2 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کردی ۔