خونی مارچ کا اعلان کرنیوالا احتجاج کے دن سویا ہوا تھا: رانا ثنااللہ

خونی مارچ کا اعلان کرنیوالا احتجاج کے دن سویا ہوا تھا: رانا ثنااللہ
ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 25 مئی کے بھگوڑے معیشت پر بھاشن نہ دیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے شیخ رشید اور عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھگوڑا پشاور بھاگ گیا، چپڑاسی لال حویلی میں چھُپ گیا، واہ رے انقلاب۔
رانا ثنااللہ نے شیخ رشید سے پوچھا کہ 25 مئی کو باس کو چھوڑ کر کہاں روپوش تھے؟ خونی مارچ کے اعلان کرنے والا خود ہی مارچ کے دن سویا ہوا تھا، یہ دوسروں کے بیگناہ بچوں کی لاشوں پر اپنی سیاسی دکان چمکانے والے لوگ ہیں۔
انہوں نے سابق وزیر داخلہ اور چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 25 مئی کے بھگوڑے معیشت پہ بھاشن نہ دیں، نیب قانون کی کسی ترمیم سے کوئی موجودہ کیس ختم نہیں ہوا، چار سال میں کسی کیس کا کوئی ثبوت کسی عدالت میں نہیں دیا گیا بلکہ نیب نے ملک کی معیشت تباہ کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے کاروبار اور سرمایہ کار برادری کو خوف سے نجات دلائی ہے، ہم نے ڈٹ کر عدالتوں میں سیاسی انتقام کا سامنا کیا اور جیلیں کاٹیں، باس اور چپڑاسی کی طرح میدان سے نہیں بھاگے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمرانی انقلاب ضمانتیں کرا رہا ہے، عمران انقلاب خیبرپختونخوا کے عوام کے پیسے پر منرل واٹرپی رہا اور ہیلی کاپٹر کی سیر کر رہا ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کوئی مسلح جتھہ وفاق پر حملہ کرنے کا سوچے یہ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
قبل ازیں وزیر داخلہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ عدالتی ضمانت ختم ہونے پر عمران خان کی سکیورٹی پر مامور اہلکار ہی انہیں گرفتار کر لیں گے کیونکہ عمران نیازی دو درجن سے زائد مقدمات میں نامزد ملزم ہیں۔