روس نے یورپ کو گیس کی فراہمی بندکردی

روس کی یورپ کو گیس کی فراہمی غیرمعینہ مدت کیلئے بند
کیپشن: Russia's gas supply to Europe stopped indefinitely(file photo)

ایک نیوز نیوز: روسی فرم گیس پروم نے نارتھ اسٹریم سے یورپ کو گیس کی ترسیل غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی۔ یورپ کو گیس فراہم کرنے والی کمپنی گیس پروم نے دعویٰ کیا ہے کہ پائپ لائن سے قدرتی گیس کی ترسیل خرابیوں کو دور کیے بغیر نہیں کی جاسکتی۔

روسی توانائی فرم گیس پروم نے اعلان کیا ہے کہ اس نے نارتھ سٹریم پائپ لائن کے ذریعے قدرتی گیس کی ترسیل غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی ہے۔ گیس پروم نے  ایک  تحریری بیان میں  واضح کیا ہے  کہ 31 اگست کو دیکھ بھال کیے جانے والے اور آج سے دوبارہ سے فعال بننے کی توقع ہونے والی نارتھ اسٹریم کے ایک ٹربائن میں خرابی کا تعین ہوا ہے۔ 

بیان میں کہا گیا کہ اس بنا پر نارتھ سٹریم کے ذریعے قدرتی گیس کی ترسیل کو غیرمعینہ مدت تک روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

19 اگست کو گیس پروم کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ نارتھ اسٹریم میں پہلے سے طے شدہ دیکھ بھال کی وجہ سے 31 اگست سے قدرتی گیس کا بہاؤ تین دن کے لیے بند کر دیا جائے گا۔ جہاں روسی حکام کا دعویٰ ہے کہ یورپ کو قدرتی گیس کی ترسیل میں درپیش مشکلات پابندیوں کے باعث ہیں، یورپی حکام کا دعویٰ ہے کہ روس، توانائی کے وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔