سابق وزیرخارجہ و خزانہ سرتاج عزیزانتقال کر گئے

سابق وزیرخارجہ و خزانہ سرتاج عزیزانتقال کر گئے
کیپشن: سابق وزیرخارجہ و خزانہ سرتاج عزیزانتقال کر گئے

ایک نیوز :مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ،سابق وزیرخارجہ اور خزانہ سرتاج عزیز 95برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔نمازجنازہ آج اسلام آباد ایچ ایٹ قبرستان میں اڑھائی بجے ادا کی جائے گی۔

رہنما مسلم لیگ احسن اقبال نے ایکس(ٹویٹر)پرسابق وزیرخزانہ سرتاج عزیز کے انتقال کی اطلاع دی ۔

سابق وزیرخزانہ سرتاج عزیز کا شمار قائد ن لیگ نوازشریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا ۔1952سے1971تک سول بیوروکریسی میں خدمات سرانجام دیتے رہے ۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے(ایکس) کرکے انتقال کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز تحریک پاکستان کے کارکن اور قوم کا عظیم اثاثہ تھے، قوم کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا اور میں ان کے پیار اور رہنمائی کو کبھی نہیں بھولوں گا۔ 

 سرتاج عزیز 7 فروری 1929 میں نوشہرہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے تحریک پاکستان میں حصہ لیا۔ 1950 میں سول سروس میں شمولیت اختیار کی۔ سرتاج عزیز نے ہارورڈ یونیورسٹی سے معاشیات میں ماسٹرز کیا۔

سرتاج عزیز پلاننگ کمیشن کے جوائنٹ سیکرٹری بھی رہے۔ وہ  1985 سے 1999 تک پاکستان سینیٹ کے رکن رہے۔

 سرتاج عزیز وزیر خزانہ، وزیر مملکت برائے زراعت، 2013 میں انتخابات کے بعد اُس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر برائے قومی سلامتی اورخارجہ امور رہے۔

صدرمملکت عارف علوی ،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سابق وزیرخزانہ سرتاج عزیز کے انتقال پر گہر ے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی ،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سرتاج عزیز کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے سرتاج عزیز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انکا کہنا تھا کہ سرتاج عزیز ایک مشہور شخصیت تھے جنہوں نے بے لوث اور مثالی لگن کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی۔نگران وزیر خارجہ سرتاج عزیز کو ہمیشہ ان کی علمی صلاحیتوں، دیانتداری اور رحم دلی کے لیے یاد رکھا جائے گا۔