سرائے عالمگیر پہنچنے پر مسلم لیگ ن کے مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ عمران خان جا رہا ہے اور نواز شریف آرہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اسلام آباد والے جلسے میں شریک ہوں اور عمران خان کی گرتی دیوار کو ایک دھکا اور دیں، آپ کو نواز شریف اور شہباز شریف کا پرانا پاکستان ایک بار پھر مبارک ہو۔
مسلم لیگ ن کی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے اس لانگ مارچ کا اسلام آباد میں آخری جلسہ ہو گا۔
گزشتہ روز گوجرانوالا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے الزام عائد کیا تھا کہ سرکاری وسائل کے استعمال پر آپ کو شرم آنی چاہیے، آپ کو جلسے میں سرکاری وسائل استعمال کرنے کا اختیار کس نے دیا؟ کمشنر نے مجھے خود بتایا کہ ہمیں دو دو سو بسیں لانیکا ٹاسک دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے جلسے میں مذہب کارڈ کا استعمال کیا، جلسے کو امربالمعروف کا نام دے دیا،کیا لوگوں سے روٹی، آٹا، بجلی اور چینی چھین لینا امربالمعروف ہے، 2018 میں سب سے بڑے چوہے آپ تھے، اسپیکر کے ذریعے آپ آئین کو کتر رہے ہیں۔