ایک نیوز: صدر مملکت عارف علوی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ شہری غلام مرتضیٰ خان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عارف علوی عام انتخابات کی تاریخ نہ دینے سمیت متعدد غیر قانونی کام کر چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی کو کام سے روکنے اور عہدے سے ہٹانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ صدر عارف علوی نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔ عارف علوی نے صدر مملکت کے عہدے کی تضحیک کی۔
درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ صدر پوری قوم کا ہوتا ہے ناکہ صرف ایک سیاسی جماعت کا ہوتاہے۔ عارف علوی نے اپنے صدارتی دفتر کو تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ عارف علوی نے صدر کے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے غیر آئینی اقدام کے بھی مرتکب ہوئے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر نے اپنے آئینی ذمہ داری سے بھی پہلو تہی برتی ہے۔ عام انتخابات کی تاریخ دینا صدر کا کام تھا لیکن انہوں نے تاریخ نہیں دی۔ صدر غیر قانونی طور پر اسمبلی کی تحلیل کے بھی مرتکب ہوئے ہیں۔ صدر آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت آئین پر عملداری کو یقینی نہیں بنایا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عارف علوی کو بطور صدر کام کرنے سے روکا جائے۔ ان کے خلاف آئین قانون کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔