ایک نیوز نیوز: وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیرداخلہ راناثناءاللہ اور وفاقی وزیرایاز صادق نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کی۔
وفاقی وزرا نے ایم کیو ایم رہنماؤں امین الحق اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت ایم کیوایم کارکنوں کی موت کی تحقیقات یقینی بنائے گی۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت سے مل کر واقعے کی تحقیقات کروائیں گے اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
دوسری جانب لاپتہ کارکنان کی ہلاکت کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کارکنان کے ماورائے عدالت قتل سمیت لاشوں کی تدفین اور دیگر امور زیر بحث آئے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں مقتول کارکنان کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ کارکنان کی نمازِ جنازہ وزیراعلیٰ ہاؤس یا پھر کراچی پریس کلب پر ادا کی جائے۔