آئی ایم ایف نے ہماری ناک سے لکیریں نکلوائیں: شہبازشریف

آئی ایم ایف نے ہماری ناک سے لکیریں نکلوائیں: شہبازشریف

ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی دھجیاں بکھیری گئیں تھیں اسی لئے آئی ایم ایف نے ہمیں آڑے ہاتھوں لیا اور ناک سے لکیریں نکلوائیں۔

اسلام آباد میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تقریبا معاشی دیوالیے کے دہانے پر پہنچ چکا تھا مخلوط حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 11 اپریل 2022 کو ذمہ دار سنبھالی اور حلف لیا ہم ڈیڑھ ماہ سے پریشان تھے کہ قیمت بڑھائیں یا نہیں بڑھائیں ماضی میں آئی ایم ایف کیساتھ معاہدےکی پاسداری نہیں کی  گئی تھی انہوں نے کہا آپ نے شرائط کو نہیں مانا تو پروگرام رک جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پینے کا پانی ایک چیلنج بن گیا ہے آج شام سکھر کے راستے 2 ٹرک پانی کے بلوچستان پہنچیں گے اور اگلے 48 گھنٹے میں 10 ٹن پانی بلوچستان پہنچایا جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی زندگی اجیرن ہوگئی دو وقت روٹی کے لالے پڑے ہیں وہاں ایک خیمے میں ایک رات پہلے ایک خاتون نے بچے کوجنم دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چار دن پہلے انتونیو گوتریس کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا ہم نے دیکھا کہ سیلاب متاثرین پر زندگی تنگ ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم غربت، بےروزگاری کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں جبکہ ہندوستان ایک زمانے میں لوہے کے میدان میں آگے تھا تو ہم ٹیکسٹائل میں آگے تھے لیکن آج وہ آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں آج ان کی ایکسپورٹ کہیں سے کہیں پہنچ گئی ہے ہم وہیں کھڑے ہیں۔