ایک نیوز نیوز: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن کا شیڈول ایک بار پھر تبدیل کردیا ہے۔عید میلاد النبی کے باعث پولنگ اب 9 اکتوبر کی بجائے 16ا کتوبر بروز اتوار کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آفس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کی 8 سیٹوں پر پولنگ کی تاریخ 9 اکتوبر رکھی گئی تھی۔ لیکن اس دن عید میلادالنبی متوقع ہے۔
اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ کے ملتان بنچ نے بھی این اے 157 سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن متوقع عید میلاد النبی کی وجہ سے تاریخ میں تبدیلی کرے۔
الیکشن کمیشن نے تمام قانونی پہلوؤں پر غور کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں اب پولنگ9 اکتوبر کی بجائے 16 اکتوبر بروز اتوار کو ہوگی تاکہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی باآسانی استعمال کرسکیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے حوالے سے بھی غور کیا اور فیصلہ کیا کہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں پولنگ 23 اکتوبر 2022 کو ہوگی۔ جبکہ حیدر آباد ڈویژن سے متعلق رپورٹ صوبائی حکومت اور صوبائی الیکشن کمشنر سندھ سے منگوائی جارہی ہیں تاکہ سیلاب کی صورتحال اور الیکشن کے انعقاد سے متعلق غور کیا جاسکے۔ اور جتنا جلد ممکن ہوسکے حیدر آباد میں بھی پولنگ کی تاریخ مقرر کی جائے۔
#ECP pic.twitter.com/fvW8LwyEGH
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL) (@ECP_Pakistan) September 14, 2022