مظہر اقبال: پاکستان تحریک انصاف کے بیک چینل رابطوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیک چینل پر اس سے قبل پارٹی کے تین لیڈرز اسٹبلشمنٹ کے ساتھ رابطوں میں تھے۔
ستمبر کے آغاز میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے بیک چینل پر ایک انتہائی اہم شخصیت کے ساتھ براہ راست ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے اس ملاقات سے پہلے بھی پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کو اعتماد میں لیا اور ملاقات کے بعد بھی سینئر لیڈر شپ کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے آئندہ عام انتخابات تک چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق چیئرمین عمران خان کے بیان کی توثیق کر دی ہے۔
پارٹی میں تفصیلی مشاورت کے بعد چیئرمین عمران خان کو عسکری قیادت کے حوالے سے لب و لہجہ نرم کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کے متعدد اجلاسوں میں مشاورت کے بعد یہ طے کیا گیا ہے کہ فوج اور عدلیہ سمیت دیگر اداروں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنایا جائے گا۔