منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیرکارروائی کے24جون تک ملتوی

منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیرکارروائی کے24جون تک ملتوی
کیپشن: منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیرکارروائی کے24جون تک ملتوی

ایک نیوز: وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز نے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔شریک تین ملزمان کے وکلاء اور پراسکیوٹر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے کارروائی 24 جون تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ مقدمے میں سلیمان شہباز سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اس کیس کا ریکارڈ کہاں پر ہے؟ 

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کا ریکارڈ پہلے چالان کے ساتھ لگا ہوا ہے۔ 

جج بخت فخر نے استفسار کیا کہ تمام ریکارڈ نہیں ہے،اس مقدمے کی انویسٹی گیشن کس افسر نے کی تھی۔

 تفتیشی افسر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تفتیش کی تھی،مرکزی تفتیشی افسر علی مردان تھا جو آج کل کراچی تعینات ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کہاں ہے؟

تفتیشی افسر نے کہا کہ بیمار ہیں اس وجہ سے پراسیکیوٹر آج پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر بریت کی درخواستوں پر دلائل کے لیے وکلاء کو طلب کر لیا۔

شریک 3 ملزمان کے وکلاء اور پراسیکیوٹر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے24 جون تک سماعت ملتوی کر دی۔