گنج پن کے شکار  ہونے کی وجہ سامنے آگئی

 گنج پن کے شکار  ہونے کی وجہ سامنے آگئی
کیپشن: The cause of baldness has come to light

ایک نیوز :ماہرین کا کہنا ہے کہ  بالوں کی جڑوں کے اسٹیم سیلز  عمر کے ساتھ ساتھ اکڑ جانے سے انسان گنج پن کا شکار ہو جاتا ہے۔

دنیا بھر میں متعدد افراد (زیادہ تر مرد) درمیانی عمر میں بالوں سے محروم ہوکر گنج پن کے شکار ہو جاتے ہیں۔اب سائنسدانوں نے اس کی بنیادی وجہ دریافت کرلی ہے اور بالوں کو دوبارہ اگانے کا ممکنہ حل بھی ڈھونڈ لیا ہے۔

امریکا کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جس طرح عمر بڑھنے کے ساتھ لوگوں کے جوڑ سخت ہوکر حرکت کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، اسی طرح بالوں کی جڑوں کے اسٹیم سیلز بھی اکڑ جاتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر ان اسٹیم سیلز کو دوبارہ نرم کرلیا جائے تو بالوں کو دوبارہ اگانے میں کامیابی مل سکتی ہے۔

محققین نے بالوں کی نشوونما کو دوبارہ متحرک کرنے کے لیے ان اسٹیم سیلز کو نرم کرنے کا طریقہ بھی دریافت کیا ہے۔

چوہوں پر ہونے والی ایک تحقیق میں محققین نے ایک مائیکرو آر این اے miR-205 بننے کے عمل کو تیز کر کے اسٹیم سیلز کو نرم کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

ایسا ہونے کے بعد جوان اور معمر چوہوں کے بالوں کی نشوونما کا عمل تیز ہوگیا۔تحقیق کے دوران 10 دن میں چوہوں کے بالوں کی نشوونما دوبارہ شروع ہوگئی تھی۔

محققین نے بتایا کہ ہم نے نئے اسٹیم سیلز جسم کا حصہ نہیں بنائے بلکہ پرانے اسٹیم سیلز کو متحرک کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ خلیاتی میکنزم کو ریگولیٹ کرکے گنج پن کے شکار افراد میں بالوں کی نشوونما کو دوبارہ متحرک کیا جا سکتا ہے۔