گورنر خیبرپختونخوا کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی اندرونی کہانی

گورنر کی انتخابات کی تاریخ پر ٹال مٹول، الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی
کیپشن: The inside story of Governor's evasion on election date, meeting with Election Commission officials has come out

ایک نیوز: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی صوبے میں عام انتخابات کی تاریخ کیلئے  الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کی تاریخ کیلئے گورنرخیبرپختونخوااورالیکشن کمیشن حکام کی ملاقات ہوئی۔ الیکشن کمیشن حکام گورنر حاجی غلام علی سے انتخابات کی تاریخ نہ لے سکے انہیں مایوس ہی لوٹنا پڑا۔

الیکشن حکام کا گورنر کے پی کے سے کہنا تھا کہ اسمبلی ٹوٹ جائے یا مدت پوری کرے مقررہ مدت میں انتخابات کرانے کے پابند ہیں۔ آج انتخابات کی تاریخ دیں سپریم کورٹ کا حکم ہے۔امن و امان برقرار رکھنا حکومت کا کام ہے آپ الیکشن کی تاریخ دیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نےالیکشن کمیشن حکام کو جواب دیا کہ  صوبے میں حالات خراب ہیں۔ قتل و غارت اور حملے ہو رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں امیدواروں کیلئے انتخابی مہم چلانا مشکل ہوگا۔ سیاسی جماعتیں کس طرح انتخابی مہم چلائیں گی۔ دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں ووٹرز کو بھی مسئلہ ہو سکتا ہے۔ الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کریں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا مزید کہنا تھا کہ  قبائلی عمائدین نے بھی امن و امان کی صورتحال پر خدشات کا اظہار کیا۔ انتخابات میں کون ڈیوٹی دے گا۔ ووٹرز کو بھی مسئلہ ہو سکتا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مسائل پیش آ سکتے ہیں۔ بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، سوات اور قبائلی اضلاع میں بھی امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔ متعلقہ اداروں سے انتخابات سے متعلق بات چیت ضروری ہے۔