ٹیریان کیس، جج کی ناساز طبیعت کے باعث سماعت ملتوی

ٹیریان کیس، جج کی ناساز طبیعت کے باعث سماعت ملتوی
کیپشن: ٹیریان کیس، جج کی ناساز طبیعت کے باعث سماعت ملتوی

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کے کیس کی سماعت جج کی ناساز طبیعت کے باعث ملتوی کر دی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی ناساز طبیعت کے باعث آج رخصت پر ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں آج کیس کی سماعت ہونا تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے کاغذات نامزدگی میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہ کرنے پر ان کے خلاف نااہلی کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ عمران خان پر مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کا الزام ہے، شہری محمد ساجد نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔

گزشتہ سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے تعجب کا اظہار کیا تھا کہ کیا کوئی نااہل شخص سیاسی جماعت کا قائد بن سکتا ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل بینچ نے درخواست گزار محمد ساجد کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ ہفتے تک درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل مکمل کرلیں۔

الیکشن کمیشن کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 2004 میں مبینہ بیٹی کو چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کا ریفرنس اٹھایا تھا تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ معاملہ میرٹ پر نہیں نمٹا گیا۔

اس کے ساتھ ہی عدالت عالیہ نے انہیں احکامات کے ساتھ الیکشن کمیشن کی کارروائی کی نقول جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 8 مارچ (آج) تک ملتوی کر دی تھی۔