پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کوحادثہ، 2 افسر، 1 جوان شہید

پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کوحادثہ، 2 افسر، 1 جوان شہید
کیپشن: Pak Navy helicopter accident, 2 officers, 1 jawan martyred

ایک نیوز: ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔ حادثےکے نتیجے میں پاک بحریہ کے دو افسران اور ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ 

ترجمان نے بتایا ہے کہ پاک بحریہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 

شہدا میں پائلٹ لیفٹیننٹ کمانڈر جواد، معاون پائیلٹ لفٹیننٹ کمانڈر حمزہ اور ٹیکنیشن حسنین شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا۔

دوسری جانب ہیلی کاپٹر حادثہ کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے:

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-09-04/news-1693825627-7742.mp4

صدرمملکت کا ہیلی کاپٹر حادثہ پر اظہار افسوس:

صدر عارف علوی نے گوادر میں ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ 

صدر مملکت نے ہیلی کاپٹر حادثے میں نیوی کے افسران  اور جوان کی شہادت پر گہرے  دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور وطن کیلئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

نگران وزیراعظم کا حادثے پر اظہار افسوس:

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک بحریہ کے تین اہلکاروں کی شہادت پر رنج و ملال کا اظہار اور شہداء کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا حادثہ پر اظہار افسوس:

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گوادر میں پاک بحریہ کے تربیتی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔اسپیکر نےحادثے کے نتیجے میں پاک بحریہ کے افسران کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نےشہداء کے اہلخانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہاربھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی ملک اور قوم کی خاطر پیش کی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔

نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی کا اظہار افسوس:

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے گوادر میں نیوی ہیلی کاپٹر حادثہ پر گہرے  افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں  پاک بحریہ کے دو افسران اور ایک  جوان کی شہادت پر انتہائی دکھ ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جام شہادت نوش کرنے والے افسران اور جوان کے بلند درجات کیلئے دعا گو ہیں۔ شہداء کے اہل خانہ کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس:

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے گوادر میں تربیتی پرواز کے دوران پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دو افسروں اور ایک جوان کی شہادت پر اظہار تعزیت کی ہے اور شہداء کے اہلخانہ سے ہمدردی کااظہار کیا ہے۔ 

سابق وزیراعظم نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک وقوم کے لئے شہداء عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

مریم نواز کا حادثے پر اظہار افسوس:

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا ہے کہ گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے اور اسکے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر بےحد افسوس ہے۔ ﷲ تعالیٰ سے دعا ہےکہ وہ شہید ہونے والے جوان اور افسران کے درجات بلند فرمائے۔ قوم کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں۔ اللّہ ان کے خاندانوں کو صبرِ جمیل اور اجر عطا فرمائے، آمین۔

سابق وفاقی وزیرمریم اورنگزیب کا اظہار افسوس:

مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ تربیتی پرواز کے دوران گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں دو افسروں اور ایک جوان کی شہادت انتہائی افسوسناک خبر ہے۔شہدا کے بچوں اور خاندان سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتے ہیں۔ ارض پاک کے لئے شہید ہونے والوں کو قوم سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ رب کریم شہدا کو اپنے جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین