وزیراعظم شہباز شریف کا نواز شریف اور آصف زرداری کو فون

NAWAZ ZARDARI AND SHAHBAZ
کیپشن: NAWAZ ZARDARI AND SHAHBAZ
سورس: google

 ایک نیوز : نواز شریف اور آصف زرداری نے نگران وزیراعظم کیلئے تمام نام اتحادیوں کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ شہباز شریف کا نواز شریف اور آصف زرداری سے ٹیلے فونک رابطہ ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آصف زرداری اور نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے،رہنماؤں نے نگران وزیراعظم کیلئے مجوزہ ناموں اور نگران سیٹ اپ پر مشاورت کی،جبکہ آئین کے مطابق نگران وزیراعظم کے تقرر کا عمل مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نواز شریف اور آصف زرداری نے تمام نام اتحادیوں کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا۔

نگران سیٹ اپ کے حوالے سے حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کا آج مشاورت کا امکان ہے،جبکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کی زیر صدارت اپوزیشن اراکین کا اجلاس بھی آج ہو  رہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل حکومتی جماعتوں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ پیپلزپارٹی،ن لیگ،جمہوری وطن پارٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔بلوچستان عوامی پارٹی اور ق لیگ کے رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اتحادیوں نے اسمبلی تحلیل،نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر مشاورت کی،جبکہ نگران سیٹ اپ کی تشکیل کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

اجلاس میں حکمران جماعت کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے 5 نام تجویز کیے گئے۔ اجلاس میں نگران کابینہ سے متعلق اتحادیوں کے حصے پر بھی بات چیت کی گئی جس پر اتحادیوں نے پارٹی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگا۔ اجلاس میں ٹیکنو کریٹس،بیوروکریٹس اور سینئر سیاستدانوں کے ناموں پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم کے لیے حکومتی اتحادیوں کا ایک اور اہم اجلاس ہو گا،آئندہ اجلاس میں اتحادی جماعتیں اپنے اپنے تجویز کردہ نام سامنے لائیں گی،اتحادیوں کی جانب سے کابینہ کے لیے بھی ناموں کی فہرست پر آئندہ اجلاس میں غور ہوگا۔